پاکستان اور افغانستان امن و استحکام کیلئے اپنے تعلقات بہتر خطوط پر استوار کریں، غفور حیدری
کوئٹہ(یو این اے )جمعیت علماءاسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹرمولانا عبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ جمعیت علماءاسلام نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیاہے ، افغانستان اور پاکستان کو امن اور استحکام کی ضرورت ہے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ تعلقات کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل نے آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔مرکزی کونسل کا 2 روزہ اجلاس جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت ہوا۔مولانا فضل الرحمن نے سرحد پار دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان اور افغانستان کے سینئر حکام کی جانب سے جاری متضاد بیانات پر تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کو خطے کی مجموعی بہتری کے لیے باہمی افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ان کی جماعت نے تجویز دی ہے کہ حالات کو بہتر بنانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور عسکری سطح پر رابطے ہونے چاہئیں۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ تعلقات کا سلسلہ جاری رکھا جائے، افغانستان اور پاکستان کو امن اور استحکام کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کونسل آئندہ عام انتخابات کے لیے اپنی حکمت عملی طے کرنے کے لیے اجلاس جاری رکھے گی۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ عام انتخابات وقت پر ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں پارٹی کی شرکت کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ اجلاس کے دوران آئینی کمیٹی کی سفارشات بھی پیش کی گئیں جن کا تعلق زیادہ تر رکن سازی مہم کے دائرہ کار کو بڑھانے سے تھا۔اجلاس میں مولانا قمر الدین، مولانا صلاح الدین، سینیٹر کامران مرتضی، مولانا امجد خان، مولانا خلیل احمد، مولانا غلام قادر، مفتی ابرار احمد خان، ایڈووکیٹ جلال الدین اور مفتی روزی خان نے شرکت کی۔


