قرآن پاک ہمارے ایمان کا حصہ ہے، وفاق اقوام متحدہ سے بے حرمتی پر جواب طلب کرے، بلوچستان اسمبلی
کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان اسمبلی نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی ،ارکان اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ سویڈن کے ساتھ سفارتی تعلقات کو ختم اور معاملے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے، ایوان نے بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ کا ترمیمی مسودہ قانون بھی منظور کرلیا ۔ہفتہ کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پشتونخواءملی عوامی پارٹی کے رکن نصر اللہ زیر نے بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ پر قائمہ کمیٹی برائے محکمہ بلدیات کی سفارشات کی رپورٹ پیش کی جس کے بعد پارلیمانی سیکرٹری بشریٰ رند نے وزیر بلدیات کی جانب سے تحت بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ کا ترمیمی مسودہ قانون ایوان میں پیش کیا جسے ایوان نے منظور کرلیا ۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری بشریٰ رند نے اپنی اور اپوزیشن لیڈر ملک سکندر کی مشترکہ مذمتی قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان مورخہ 28جون 2023کو سویڈن کے دار الحکومت سٹاک ہوم کے مرکزی مسجد کے باہر ایک مذہبی جنونی شخص کی جانب سے عیدالاضحی کے دن مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن پاک کے اوراک کو نذر آتش کر نے کی ناپاک جسارت پر شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ اس قبیح فعل کی وجہ سے تمام عالم اسلام میں شدید غم وغصہ پایا جا تا ہے چونکہ قر آن پاک نے پوری دنیا ءکو محبت، احترام اور صبر کا فلسفہ سکھایا ہے اس لئے ہم مسلمان ہو نے کے نا طے ہم تمام مذاہب عقائد اور مقدس کتابوں کے احترام پر یقین رکھتے ہیں۔یہ ایوان اسلامی تعاون کی تنظیم ( او آئی سی ) کی طرف سے اس بابت جدہ میں ہنگامی اجلاس بلانے اور اسلامو فوبیا کا مقابلہ کر نے کے لئے سفارشات اور مستقبل کی حکمت عملی وضع کر نے کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کو بھی سراہتا ہے۔چونکہ قرآن پاک کی عزت ہمارے عقیدے کا حصہ ہے اور ہم کسی چیز کی پرواہ کئے بغیر قرآن پاک کی تکریم و حرمت پر اپنی جانیں قربان کر نے کو اعزاز سمجھتے ہیں۔ ہم جس تحمل کا مظاہر ہ کر رہے ہیں اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ لہٰذایہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ وفا قی حکومت سے رجوع کرے کہ وہ سویڈیش حکومت سے رابطہ کر کے وہ اس واقعے میں ملوث شخص کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات رو نمانہ ہوں۔ مزید براں بین الا قومی تنظیموں اور ریاستوں سے بھی رابطہ کیا جائے کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے اور اسلام کی مقدس کتاب، شخصیات ، عبادت گاہوں اور پیر و کاروں سمیت مذہب کے مقدس علامتوں کی نے حرمتی کو جرم قرار دینے کی بابت فوری طورپر قانون سازی کرے۔قرار داد کی موضونیت پر بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ قرآن پا ک اللہ کی طرف سے وہی کے ذریعے حضرت محمد پر نازل کیا گیا یہ مکمل ضابطہ حیات ہے اور اس میں عدل کا نظام بھی شامل ہے قرآن مجید کو پڑھ کر یورپ کے پڑھے لکھے لوگ اسلام قبول کر رہے ہیں کچھ ناعاقبت اندیش لوگ اس لئے اس کی برحرمتی کر رہے ہیں تاکہ جو لاکھوں لوگ مشرف با اسلام ہورہے ہیں انکا راستہ روکا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ قرآن کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔ وفاقی حکومت ا و آئی سی اور اقوام متحدہ میں اس حوالے سے بات کرے حکومت دنیا کو بتائے کہ قرآن پاک اور نا موس رسالت کے لئے لوگ جان دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا جائے کہ سویڈن کا تمام ممالک سفارتی بائیکاٹ کریں اور اس سے تعلق ختم کریں۔ قرار داد پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر انجینئر زمر ک خان اچکزئی نے کہا کہ پورے ایوان کی طرف سے اس قرار داد کو منظور کیا جائے قرآن دنیا اور آخرت کے لئے مشعل راہ ہے اسلام دنیا میں پھیل رہا ہے جسکی وجہ سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی جارہی ہے سویڈن میں ہمیشہ اسلام دشمن اقدامات کئے جاتے ہیں تمام مسلمان ممالک اکھٹے ہو کر اس مسئلے پر احتجاج کریں اور سویڈن کا سفارتی بائیکاٹ کیا جائے۔بعدازاں قرار داد کو منظور کرلیا گیا جبکہ اسمبلی کا اجلاس25جولائی تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔


