بلوچستان یونیورسٹی اور بہاولپور یونیورسٹی کے اسکینڈلز میں ملوث کرداروں کو سزا دی جائے، پی ایس ایف
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن مرکزی کمیٹی کے ممبر معصوم خان میرزئی نے ایک بیان میں کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا اسکینڈل شرمناک فعل ہے، پنجاب کی تمام جامعات میں طالبات کی جنسی حراسگی کی صاف شفاف تحقیقات کی جائیں۔ پچھلے دنوں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے سیکورٹی آفیسر کا نشے کی حالت میں طالب علم کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار ہونا تشویش سے خالی نہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا اسکینڈل ایک گھناﺅنا فعل ہے جس کی جتنے بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ معصوم خان میرزئی نے مزید کہا کہ اس سے پہلے ایسے اسکینڈلز بلوچستان یونیورسٹی میں بھی سامنے آئے مگر کوئی عملی اقدام نہیں اٹھائے گئے، جو قابل افسوس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اسکینڈلز کے پیچھے ایک مخصوص لابی چھپی ہے، جو پہلے ایسی برہنہ وڈیوز میں شریک جرم رہتی ہے بعد میں انہی وڈیوز کے ذریعے لوگوں کو بلیک میل کرکے بھتہ لینا شروع کردیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاش بلوچستان یونیورسٹی کے اسکینڈلز میں ملوث کرداروں کو سزا دی جاتی تو آج بہاولپور یونیورسٹی میں ہماری بہنوں اور بیٹیوں کی عزتیں ایسے تار تار نہ ہوتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہاولپور یونیورسٹی کے اسکینڈل میں ملوث متعلقہ آفیسروں کیخلاف سخت سے سخت ایکشن لے کر انہیں عبرتناک سزائیں دی جائیں تاکہ ہمارے تعلیمی ادارے آئندہ ایسے ناگوار و بے ہودہ افعال سے محفوظ رہیں۔ معصوم خان نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا گرفتار سیکورٹی آفیسر ایک ریٹائرڈ فوجی میجر ہے۔ ریٹائرڈ کرنلوں اور میجروں کو کسی بھی ادارے اور کسی بھی محکموں میں تعینات نہ کیا جائے۔


