لوکل گورنمنٹ میں جعلی بھرتیوں کی تحقیقات کی جائیں، جے یو آئی کوئٹہ
کوئٹہ (آن لائن) جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے لوکل گورنمنٹ میں جعلی بھرتیوں کی شکایات پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدلیہ ،نیب اور احتساب کے متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوکل گورنمنٹ میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی جانب سے جعلی بھرتیوں کی بھر مار کا نوٹس لے کر تحقیقات کریں ۔اس سلسلے میں تمام مروجہ پراسس کی دھجیاں اڑا کر 32افراد بھرتی کئے گئے ہیں اور جعلی کاروائی کی تکمیل کے لیے تعطیل کے دن یعنی اتوار کا انتخاب کیا گیا ہے ، اور کوئی آسامی اخبارات میں مشتہر نہیں کی گئی ہے جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ میرٹ اور سینارٹی کی بجائے غیر مستحق افراد کی غیر اعلانیہ اور غیر قانونی بھرتیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتی ہے کہ تمام افراد کے غیر قانونی آرڈرز منسوخ کرکے از سر نو قانون کے مطابق آسامیاں مشتہر کی جائیں تاکہ مستحق اور غریب افراد کی تعیناتی عمل میں آسکے ۔


