وزیراعلیٰ کیخلاف توہین عدالت کی درخواست، بلوچستان ہائیکورٹ نے سماعت کیلئے منظور کرلی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ میں وزیراعلٰی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی جس پر چیف جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس گل حسن ترین نے ابتدائی سماعت کی۔ عدالت نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی۔ بلوچستان ہائیکورٹ نے عبدالقدوس بزنجو سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرنے کا حکم دے دیا،درخواست پر سماعت 31 جولائی کو ہو گی۔ قبل ازیں چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس گل حسن ترین پر مشتمل بینچ نے آئینی درخواست پر پٹواری کی خالی آسامیوں پر 26 جولائی کو انٹرویوز منعقد کرنے اور امیدواروں کے انتخاب پر مزید کارروائی سے تاحکمِ ثانی روکنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے یہ حکم اسسٹنٹ کمشنر قلات ڈویژن اور کمشنر قلات ڈویژن کو جاری کیا۔ درخواست میں مو¿قف اختیار کیا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنر قلات ڈویژن کی جانب سے پٹواری کی 73 آسامیوں کیلئے اشتہار جاری کیا گیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ پٹواری کی آسامیاں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے مکمل ہوں گی اس لئے اسسٹنٹ کمشنرکے پاس ایسی کوئی وجہ نہیں تھی کہ وہ قلات ڈویژن کی پٹواری کی اسامیوں کیلئے اشتہار جاری کرتے۔ عدالت نے اعتراضات کے ساتھ آئینی درخواست باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے ایڈوکیٹ جنرل اور دیگر کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا، عدالت نے حکمنامہ کی کاپی اسسٹنٹ کمشنر قلات ڈویژن اور کمشنر قلات ڈویژن، ڈپٹی کمشنر خضدار اور کمشنر قلات ڈویژن کو فوری تعمیل کیلئے بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت کیلئے 16 اگست کی تاریخ مقرر کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں