بھارتی ہتھکنڈے خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں،آئی ایس پی آر

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) فوج نے یوم استحصال کشمیر پر کشمیر ی عوام سے اظہار یکجہتی ۔بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے 4 سال مکمل ہونے پر فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ہتھکنڈے خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، فواج کے سربراہان اور افواج پاکستان کی جانب سے یوم استحصال کشمیر پر جموں کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کشمیر میں فوجی لاک ڈاؤن اور آبادیاتی ڈھانچہ تبدیل کرنے کے غیر قانونی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں ہیں، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں ہیں، بھارتی حکومت کی بیان بازی، دشمنی پر مبنی اقدامات علاقائی سلامتی کیلئے مستقل خطرہ ہے لیکن پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج کشمیر کے جاں بحق افراد کی قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے، پاکستان کی مسلح افواج کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی ہمدردی کی فراہمی کی جدوجہد میں مکمل حمایت کا اظہار کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں