پولیس نے رات کو لال حویلی اور میرے بھائی بہنوں کے گھروں پر چھاپے مارے ، شیخ رشید
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ گزشتہ رات پولیس نے لال حویلی اور میرے بھائی بہنوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ پولیس گھر سے قیمتی سامان، ڈرائیور اور ملازمین کو ساتھ لے گئی۔اپنے ایک بیان مین شیخ رشید نے کہا ہے کہ پولیس لال حویلی سے کیمرے، لیپ ٹاپ اور موبائل فون بھی لے گئی، لال حویلی کے باہر سے تمام بیریئرز ہٹا دئیے گئے ہیں جو سیکیورٹی وجوہات پر لگائے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر 3 خودکش حملے ہوئے ہیں، اب کوئی دہشت گردی کا واقعہ ہوا تو ذمے دار موجودہ حکمران ہوں گے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ یومِ آزادی پر لال حویلی میں 50 سال سے تقاریب ہو رہی ہیں، پولیس لاؤڈ اسپیکر، آتش بازی کا سامان اور اسٹیج اٹھا کر لے گئی، لال حویلی کے راستے بند کیے گئے تو رات 10 بجے فیصلہ کریں گے کہ آتش بازی کہاں کریں۔شیخ رشید نے کہا کہ ہم پاکستان کے شہدا، غازیوں اور ملک بنانے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، عوام تیار رہے ہو سکتا ہے یومِ آزادی کا جلسہ راجہ بازار، کمیٹی چوک یا چاندنی چوک پر ہو، ہر 3 گھنٹے کے بعد ویڈیو پیغام جاری کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جلسہ نہیں کر رہے بلکہ یومِ آزادی کی تقریب ہے، اگر کوئی مسئلہ ہے تو مجھ سے بات کریں، کوئی شخص قانون ہاتھ میں نہ لے۔


