بلوچستان کے سابق وزرا، مشیران اور پارلیمانی سیکرٹریز سے دفاتر خالی کرالیے، گاڑیوں کی واپسی کیلئے لیٹر جاری

کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان کے محکمہ نظم ونسق نے صوبے کے سابق وزرا ،مشیران اور پارلیمانی سیکرٹریز سے ان کے دفاتر خالی کرالئے جبکہ گاڑیوں کی واپسی کیلئے لیٹر جاری کردیا گیا تاہم ایم پی ایز لاوجز میں قیام پذیر اراکین اسمبلی نے ابھی کمرے خالی نہیں کئے اور نہ ہی و اجبات ادا کئے ۔محکمہ نظم ونسق کے حکام کے مطابق بلوچستان اسمبلی کی تحلیل کے بعد سول سیکرٹریٹ میں قیام سابق وزرا ،مشیران اور پارلیمانی سیکرٹریز سے ان کے دفاتر خالی کراکے انہیں بند کردیا گیا ہے جبکہ محکمہ نظم ونسق کی جانب سابق وزرا ،مشیران اور پارلیمانی سیکرٹریز کو الاٹ کی گئیں گاڑیوں کی واپسی کیلئے لیٹر جاری کردیا ہے ، محکمہ نظم ونسق نے دیگر محکموں کو بھی مراسلہ ارسال کیا ہے کہ جن جن محکموں کی گاڑیاں سابق وزرا ،مشیران اور پارلیمانی سیکرٹریز کے پاس ہیں وہ ان گاڑیوں کی واپسی کو یقینی بنائیں ، دوسری جانب بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق ایم پی ایز لاوجز میں قیام پذیر اراکین اسمبلی میں سے کسی نے بھی ابھی الاٹ کردہ کمرے خالی نہیں کئے اور نہ ہی و اجبات ادا کئے، صوبائی اسمبلی کے اسٹیٹ آفیسر نے اراکین اسمبلی کو بارہ اگست تک واجبات کی ادائیگی اور 27 اگست تک کمرے خالی کرنے اور گاڑیون کی واپسی کا نوٹس دیا ہوا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں