نیب حراست میں تمام ملزمان کے کوالیفائیڈ ڈاکٹرز سے کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ
اسلام آباد:کورونا وائرس کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت قومی احتساب بیورو(نیب) دفاتر کے اوقات کار میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نیب کی طرف سے کورونا سے متعلق اپنائی گئی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیب کے تمام دفاترمیں لوگوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔
دوران اجلاس فیصلہ کیا گیا کہ نیب پراسیکیوٹرزکیسز میں تمام عدالتوں میں حاضری کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں نیب دفاتر کے اوقات کار میں کمی کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت اب نیب دفاتر صبح 9 بجے سے 3 بجے تک کام کریں گے جب کہ تمام خواتین اہلکاروں کو گھر سے کام کرنے کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نیب حراست میں موجود تمام ملزمان کے کوالیفائیڈ ڈاکٹرز سے ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔


