گوادر کی تعمیر و ترقی میں نجی سیکٹر کا کردار اہم ہے، بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کو سہولیات دیں گے، جی ڈی اے

گوادر (نمائندہ انتخاب) ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی مجیب الرحمن قمبرانی نے جمعرات کے روز گوادر بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ گوادر کی تعمیر و ترقی میں مختلف نجی ہا¶سنگ و کمرشل سوسائٹیز میں اب تک کی گئی ترقیاتی کام سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے اسکیمات میں ترقی کی رفتار کو مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں گوادر بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کے چیئرمن احمد اقبال، اعجاز احمد، باقر بلال، اویس جان، فیصل ادریس، باسط محمود، ہمایوں سعید، ڈاکٹر مظفر حسین، ڈائریکٹر ٹاﺅن پلاننگ شاہد علی سمیت نجی سوسائٹیز کے مالکان اور بلڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں گوادر کی ہمہ جہت ترقی کے لئے حکومتی اور نجی شعبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی حکمت عملی پر زور دیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے گوادر میں تیز رفتار اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان موثر ہم آہنگی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گوادر کی تعمیر ترقی میں نجی سیکٹر کا کردار اہم ہے اور تعمیراتی شعبے میں بلڈرز و ڈویلپرز کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کو درپیش مشکلات دور کی جارہی ہیں۔ تاکہ اجتماعی ترقی کے مقاصد حاصل کرسکیں۔ اجلاس میں گوادر بلڈرز اینڈ ڈویلپرز نے ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کی جانب سے گوادر کی تعمیر و ترقی کیلئے بنائے گئے سماجی و اقتصادی منصوبوں کی تعریف کی اور کہا کہ جی ڈی اےکی جانب سے گوادر کو اسپشل اکنامک ڈسٹرکٹ ڈکلیئر کرانے کیلئے اقدامات نہ صرف گوادر کی ترقی کیلئے خوش آئند ہیں بلکہ یہ اقدام پورے خطہ کی خوشحالی کا باعث ہوگا۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے ترقی کے عمل میں نجی شعبے کی شمولیت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گوادر بلڈرز اینڈ ڈویلپرز ان مواقعوں کا بھرپور فائدہ اٹھائے گا۔ اور جی ڈی اے کی فراہم کردہ روڈ میپ کے مطابق گوادر کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور حصہ شامل کریگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں