انتخابات میں تاخیر سیاسی غیر یقینی اور عدم استحکام کا باعث بنے گی، شیری رحمان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے فیصلے اور جاری کردہ شیڈول پر سنجیدگی سے نظر ثانی کرے، انتخابات میں کسی قسم کی تاخیر ملک میں سیاسی غیر یقینی اور عدم استحکام کا باعث بنے گی۔ایک بیان میں شیری رحمن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے حالیہ اعلان سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ حلقہ بندیوں میں چار ماہ لگیں گے، یہ اعلان ہمارے لئے تشویش اور مایوسی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے فیصلے پر سنجیدگی سے نظر ثانی کرے، اسمبلیوں کی جلد تحلیل کا مقصد الیکشن کمیشن کو تیاریوں کے لئے زیادہ سے زیادہ وقت دینا تھا۔ شیری رحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ موجودہ نشستیں تبدیل نہیں ہوں گی، جب کوئی تبدیلی نہیں ہونی تو حلقہ بندیوں کا عمل تیزی سے مکمل کیا جانا چاہیے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابات میں کسی قسم کی تاخیر ملک میں سیاسی غیر یقینی اور عدم استحکام کا باعث بنے گی جس کا ملک متحمل نہیں ہو سکتا۔


