نگران وفاقی وزیر اطلاعات کا شوال دھماکے اور بس حادثے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس
اسلام آباد(صباح نیوز)نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کراچی سے اسلام آباد آنے والی مسافر بس کے حادثہ میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے حادثے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب اس واقعہ پر بے حد غمگین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وجوہات کا تعین ہونا چاہئے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔ دوسری جانب نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں بارودی سرنگ پھٹنے سے 11 مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں سے دلی دکھ کا اظہار اور افسوس کرتا ہوں، ایک بارودی سرنگ نے کئی خاندان اجاڑ دئیے ہیں، متاثرہ خاندانوں کے غم میں شریک ہیں، اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ نگران وزیر اطلاعات نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی ہے ۔


