عوامی مسائل کااحساس ہے، دستیاب وسائل عوام کی فلاح بہبود کے لئے برؤے کار لائیں گے ،علی مردان ڈومکی

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی اپنے پہلے سرکاری دورے پر سبی پہنچ گئے ۔ اتوار کو نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی دورے پر سبی پہنچے جہاں انہیںپولیس کے چاق و چوبند دستہ کا گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، نگران وزیراعلیٰ کی ہدایت پر وی وی آئی موومنٹ کے دوران ٹریفک اور دکانوں کو بند نہیں کیا گیا ، سبی دورے کے موقع پر نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کے سرکٹ ہاؤس پہنچنے پر شہریوں نے انکا جوش والہانہ سے استقبال کر تے ہوئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ۔ اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ کے اعزاز میں سرکٹ ہاؤس میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کر تے ہوئے نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ میرے دورے کا مقصد اپنے حلقہ کے عوام سے براہ راست رابطہ ہے عوام کو سفر کی مشکلات سے بچانے کے لئے خود حاضر ہوا ہوںہر ضلع کا دورہ کرکے عوامی مسائل سے آگاہی حا صل کرونگا۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم سے ملاقات میں انہیں بلوچستان کے دورے کی دعوت دی ہے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے دورہ کوئٹہ میں انہیں مسائل سے آگاہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پنجرہ پل کی مستقل بنیادوں پر بحالی اولین ترجیح ہے بو لان تا ڈیرہ اللہ شاہراہ کی ڈیولائزیشن کے لئے وزیراعظم سے درخواست کریں گے بحیثیت نگران وزیراعلیٰ اختیارات محدود ہیں اولین ترجیح امن کا قیام اور صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابا ت کا انعقاد ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی گائڈ لائن کے مطابق فرائض سر انجام دونگااختیارات سے نہ تو خود تجاوز کرونگا اور نہ ہی کسی کو کرنے دونگابلوچستان مسائل کا گڑھ ہے بھرپور کوشش ہوگی ان مسائل کو حل کر سکوں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے مسئلہ کے فوری حل کے لئے وزیراعظم سے بات کرونگا تعلیم اور صحت کے اداروں کی کار کردگی بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کااحساس ہے دستیاب وسائل عوام کی فلاح بہبود کے لئے برؤے کار لائیں گے میرا یہ دورہ سیاسی نہیں اور نہ ہی بحیثیت نگران وزیراعلیٰ سیاست کرونگاسب لوگ میرے لئے برابر ہیں کوئی سیاسی دوستی دشمنی نہیں ہے وزیراعلی ہاؤس کے دروازے بلوچستان کے عوام کے لئے کھول دئے گئے ہیں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اور ضلعوں میں کھلی کچہری کا انعقاد کرونگا۔ انہوں نے صوبے کے تمام اسسٹنٹ کمشنروں کو ہر پندرہ دن میں اپنی تحصیل میں کھلی کچہری لگانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنر کھلی کچہریوں کی پیش رفت سے وزیراعلیٰ کے دفتر کو آگاہ کرینگے اقلیتیں بہت عزیز ہیں انکے مذہبی اور دیگر حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے ۔نگران وزیراعلی نے شرکاء کو سوالوں کا فرداً فردا ًجواب دیا ۔ اس موقع پر عمائدین اور شہریوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اپنا پہلا دورہ سبی کا کیانگران وزیراعلیٰ اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوامی خدمت کا عمل جاری رکھیں گے دورے کے موقع پرعمائدین اور شہریوں کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ کو بجلی سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا گیا ، اس موقع پر سابق وزیر مملکت میر دوستین خان ڈومکی بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں