بھارت چین تنازع، اقوام متحدہ کی فریقین سے تحمل کی اپیل

نیو یارک: اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے لداخ میں بھارت اور چین کے مابین تنازعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ تحمل سے کام لیں۔تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے ترجمان اقوام متحدہ نے کہا ہے ہمیں لائن آف ایکچول کنٹرول پر بھارت اور چین کے مابین تشدد اور اموات کی خبروں پر تشویش ہے، دونوں ممالک سے اپیل ہے کہ وہ انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں۔علاوہ ازیں اس حوالے سے ایک امریکی جریدے کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق بھارتی فوجیوں کی ہلاکت گولی لگنے سے نہیں ہوئی بلکہ پتھرا ؤکے ذریعے لڑائی میں بھارتی فوجی مارے گئے۔دونوں فوجوں میں گزشتہ ماہ بھی اسی طرح سنگ باری کے واقعات پیش آئے تھے چین کی فوج پیپلز لبریشن آرمی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے اپنا وعدہ توڑتے ہوئے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق منگل کے روز بھارتی فوج نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فوجوں کے سپاہی اس جگہ سے پیچھے ہٹ گئے ہیں جہاں منگل کی درمیانی شب میں وادی گلوان کے علاقے میں بھارتی اور چینی فوجیوں کے درمیان تصادم ہوا تھا۔مشرقی لداخ کی وادی گلوان میں گزشتہ پیر کی درمیانی شب چینی اور بھارتی فوجیوں کے مابین جھڑپ میں بھارتی فوج کے کرنل سمیت 20 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں