خضدار میں ایرانی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کردیا گیا

خضدار (انتخاب نیوز) خضدار میں ایرانی پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کردیا گیا۔ ایرانی پیٹرول 215 سے 270 روپے تک جا پہنچا۔ مافیاز نے خضدار کی غریب شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کردیا ہے۔ خضدار سے ایرانی پیٹرول و ڈیزل کراچی اور اندرون سندھ اسمگل کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے خضدار میں ایرانی تیل کافی مہنگا فروخت ہورہا ہے۔ خضدار کے شہریوں کا کہنا ہے کہ جب تک خضدار سے سندھ، پنجاب ایرانی ڈیزل، پیٹرول کی ترسیل کو مکمل بند نہیں کیا جاتا تب تک خضدار ودیگر اضلاع میں ایرانی تیل کے نرخ کم نہیں ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق ایرانی تیل کی دوسرے صوبوں میں اسمگلنگ میں بڑے بڑے لوگ ملوث ہیں جسکی وجہ سے مقامی انتظامیہ بے بس نظر آتی ہے۔ جب تک ایرانی تیل کی ترسیل براستہ ونگو سندھ کیلئے مکمل بند نہیں کی جاتی، یہ مافیاز عوام کی دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار کرتے رہیں گے۔ بلوچستان کے عوام بالخصوص خضدار کے شہریوں نے نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری نوٹس لیکر بلوچستان کے پسماندہ عوام کو مزید پسماندگی سے نجات دلائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں