کراچی، فائرنگ کے دو واقعات میں 3 افراد جاں بحق
کراچی(صباح نیوز)شہرقائد کراچی میں فائرنگ کے دوواقعات میں 3 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ کے قریب ابوالحسن اصفہانی روڈ پر گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے ، فائرنگ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو کار میں سوار لڑکی اور لڑکا جاں بحق ہو چکے تھے۔اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ لڑکی کے اہلخانہ موقع پر پہنچے اور اس کی لاش اپنے ساتھ گھر لے گئے جبکہ لڑکے کی لاش پولیس نے قبضے میں لے کر ہسپتا ل منتقل کر دی۔ڈی ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر دہرے قتل کی واردات غیرت کے نام پر ہوئی۔ مقتول لڑکے کی شناخت احسن کے نام سے ہوئی ، پولیس نے واردات میں ملوث ہونے کے شبہ میں لڑکی کے والد اور بھائی کو حراست میں لے لیا ۔علاوہ ازیں صبح سویرے کراچی کے علاقے بڑا بورڈ میں بھی نورانی مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا شخص آصف زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی ۔


