پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی کے بغیر ممکن نہیں، عوامی توقعات پر پورا اتریں گے، نگراں وزیراعظم
کوئٹہ (این این آئی) نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی کے بغیر ممکن نہیں ہے ،بلوچستان نہ صرف قدرتی وسائل سے مالا مال ہے بلکہ اسکی اصل طاقت یہاں کی با صلاحیت افرادی قوت ہے،صوبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ یہ بات انہوں نے دورہ کوئٹہ کے موقع پر وزیراعلی سیکرٹریٹ میں نگران وزیراعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کے درمیان ون آن ون ملاقات میں کہی، اس موقع دونوں رہنماوں نے بلوچستان سے متعلق اہم امور امن وامان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی ،ملاقات میں نگران وزیراعلی نے نگران وزیراعظم کو بلوچستان کے انتظامی امور پر بریفنگ دی ،نگران وزیرِ اعظم نے بلوچستان کے انتظامی امور، ترقیاتی منصوبوں سے تفصیلی بریفنگ پیش کرنے کی ہدایت کی ،نگران وزیر اعلی بلوچستان نے خیر مقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کا تاریخی دورہ بلوچستان دور رس نتائج کا حامل ہے اور یہ صوبے کی خوش نصیبی ہے کہ وزیراعظم کا تعلق بلوچستان سے ہے،انہوں نے کہا اس دورے سے بلوچستان کے عوام کی بہت سی توقعات وابستہ ہیں ہمیں امید ہے کہ یہ دورہ بلوچستان کے مسائل کے حل میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا ۔


