علی مردان ڈومکی کی یو اے ای قونصلیٹ آمد، مددگار ڈیسک کا افتتاح
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)نگران وزیر اعلی بلوچستان علی مردان ڈومکی کی یو اے ای قونصلیٹ آمد ہوئی جہان انہوں نے مددگار ڈیسک کا افتتاح کیا۔نگراں وزیراعلی بلوچستان کی کراچی میں قائم یو اے ای قونصلیٹ آمد پر قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر معزز مہمان نے قونصلیٹ میں قائم ہونے والی مددگار ڈیسک کا افتتاح بھی کیا۔بخیت عتیق الرومیتی نے بتایا کہ ہیپی نیس ڈیسک ہمارے صارفین کے اطمینان سے متعلق ہے، یہاں صارفین اپنے مسائل اور خدشات کا اظہار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ڈیسک پر تعینات عملہ صارفین کے مساٸل کے حل کرتے ہوئے بہترین خدمات فراہم کرے گا۔نگران وزیر اعلی بلوچستان نے ایشیا کے سب سے بڑے ویزا سینٹر کی تعریف کرتے ہوئے مستعد اورعوام دوست عملے کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ یو اے ای قونصلیٹ پاکستانی عوام کو بہترین خدمات فراہم کرنے میں سب سے آگے ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک یو اے ای دوستی بلاشبہ قابل فخر اور بے لوث ہے۔ یو اے ای حکومت ہر موقع پر پاکستانی عوام کی خدمت میں پیش پیش رہ کر ان کے دل موہ لیتی ہے۔


