جامعہ بلوچستان نے آئین پاکستان کا پہلا ویب پلیٹ فارم تیار کرلیا

کوئٹہ (آن لائن) یکم ستمبر سے جامعہ بلوچستان نے آئین پاکستان کا پہلا ویب پلیٹ فارم تیار کرلیا ۔اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی دستاویز پاکستانی قوم کا اثاثہ اور ملک میں جمہوری عمل کی روحِ رواں ہے۔ اس دستاویز کو عوام کی پہنچ میں لانے ، ملک میں آئین فہمی کے فروغ اور وقتِ ضرورت آئین کے درست حوالے اور تشریح کے لیے اسے مکمل ڈیجیٹل صورت میں باوقار انداز میں پیش اور محفوظ کیا جانا عہد حاضر کی ایک اہم ضرورت ہے۔ جس کو مدنظر رکھتے ہوئے جامعہ بلوچستان نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کا پہلا ویب بیسڈڈیجیٹل پلیٹ فارم (web based digital platform) تیار کیا ہے۔ جو اردو اور انگلش زبان میں آئین کے متن کی سہل طریقے سے مکمل معلومات کے حصول کے لیے مختلف فیچرز پر مبنی خصوصیات کا حامل ہے۔اس پلیٹ فارم کاآئیڈیا ریڈیو پاکستان کے پروگرام منیجر محمد عاطف کا ہے۔ جنہوں نے اس ویب سائیٹ کے لیے آئین پاکستان کے انگلش اور اردو متن کو ہر ایک انفرادی آرٹیکل کی صورت میں ڈیجیٹل فارمیٹ کی ضرورت کے مطابق علیحدہ علیحدہ ترتیب دیا۔ جس پر6 ماہ کا عرصہ لگا۔اس تخلیقی خیال کو عملی جامہ بلوچستان یونیورسٹی کے آئی ٹی شعبہ کے دو ماہرین محمد سلال کھوسہ ، ڈائریکٹر آئی ٹی اور محمد حسین خجک ، سافٹ وئیر انجینئر نے پہنایا۔ جنہوں نے 15 دن کے قلیل عرصہ میں یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم تیار کیا۔ اس پلیٹ فارم پر دستور کا ہر انفرادی آرٹیکل کا متن اردو اور انگریزی زبان میں مہ حاشیہ دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ ضمیمہ میں موجود جدول بھی آسانی کے ساتھ اپنی ضرورت کے مطابق تلاش کئے جاسکتے ہیں۔اس پلیٹ فارم کی خاصیت یہ ہے کہ پہلی دفعہ آئین پاکستان کو انگریزی کے ساتھ ساتھ انفرادی حیثیت میں اردو سرچ بیسڈانجن سے منسلک کیا گیا ہے۔ وائس چانسلر جامعہ بلوچستان نے اپنی ٹیم کو اس تاریخی کارنامہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جامعہ نے یہ پلیٹ فارم سماجی ذمہ داری کے نظریہ کے تحت تیار کیا ہے۔ اس کا مقصدملک میں آئین فہمی کوموجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئےلوگوںکی زیادہ سے زیادہ تعداد کی دسترس میں لانا ہے۔ تاکہ عوام اور عوامی نمائندے اس سے مستفید ہوسکیں۔ انھوں نے کہا کہ 15 ستمبر جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا باقاعدہ افتتاح کردیا جائے گا۔ جس کہ بعد یہ جامعہ کی ویب سائیٹ پر بھی دستیاب ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں