وڈھ کی جنگ بی این پی نے سرداری بچانے کیلئے مسلط کی، ساجد ترین کو غلط سبق پڑھایا جارہا ہے، جھالاوان عوامی پینل
کوئٹہ (پ ر) جھالاوان عوامی پینل کے مرکزی رہنما ندیم الرحمن بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ معزز شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو شخصیت پرستی اور اندھی تقلید پر دروغ گوئی کا سہارا نہیں لینا چاہیے۔ اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں، وڈھ پر جنگ بی این پی کے سربراہ نے مسلط کی ہے، یہ جنگ سرداری کو بچانے کی جنگ ہے، ساجد ترین ایڈووکیٹ کو وڈھ سے متعلق مناظرے کا چیلنج دیتا ہوں۔ بلوچستان کے عوام کو گمراہ کرنے والے سرداری ٹولے کے سابقہ پانچ سالہ دور حکومت و دور منافقت، دو اور دو چار کی طرح واضح ہے، اربوں روپے بلوچستان کے نام پر لوٹ کر اختتام وڈھ کے مظلوم عوام پر گولہ باری سے کیا گیا جو تاحال جاری ہے۔ گمراہ کن بیانات سے کسی کو فرق نہیں پڑنے والا، پراسیکیوٹر جنرل اور گورنر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں، دونوں پشتونوں کو بلوچ سردار سرداری بچانے کیلئے غلط سبق پڑھا رہے ہیں، انہیں کسی اچھے استاد کی ضرورت ہے، عہدوں کی اگر اہمیت نہ ہوتی تو جھوٹ نہ بولتے۔ وڈھ میں آج بھی معیاری تعلیمی ادارہ موجود نہیں اور بات کی جاتی ہے بلوچستان کے حقوق کی، بہتر ہوتا کہ وڈھ کے عوام کو بنیادی حقوق دیے جاتے، جنگ مسلط کرنے والے شر پسندوں کے سامنے کسی صورت سر نہیں جھکائیں گے۔ جھالاوان عوامی پینل مظلوموں، محکموں کے حقوق کی جدوجہد کررہا ہے، بلوچستان پر مسلط فاشسٹ قوم پرست پارٹی کے کالے کرتوتوں سے نہ صرف وڈھ بلکہ بلوچستان کا بچہ بچہ واقف ہے۔ حقائق کو مسخ نہ کیا جائے، ہمارے لوگ اپنے دفاع میں اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، بزوز طاقت فاشسٹ نظریہ کو مسلط نہیں ہونے دیں گے۔


