قلعہ عبداللہ میں منشیات کی 15 فیکٹریاں تباہ، پکڑی گئی منشیات نذر آتش

چمن (انتخاب نیوز) بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں منشیات کی پیداوار اور منشیات فیکٹریوں کے خاتمے کیلئے بروز جمعہ آپریشن شروع کیا گیا۔ کور کمانڈر بلوچستان کی ہدایات پر فوج، ایف سی بلوچستان، اینٹی نارکوٹکس فورس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ آپریشن میں اب تک 938 کلو گرام چرس سمیت منشیات کی 15 فیکٹریاں تباہ کی جاچکی ہیں۔ آپریشن کے پلان کو 28 اگست 2023ءکو ہیڈ کوارٹر 12 کور میں منعقدہ ایک اجلاس میں حتمی شکل دی گئی، جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز شامل تھے جس کے بعد 30 اگست کو قلعہ عبداللہ میں انسداد منشیات مہم کے تحت ایک جرگے کا انعقاد بھی کیا گیا۔ جرگے میں مقامی عمائدین نے قلعہ عبداللہ اور گلستان میں منشیات فیکٹریوں کے خاتمے اور منشیات پیداوار کو روکنے کا مطالبہ کیا تھا اور سیکورٹی اداروں کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا تھا۔ فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے یہ آپریشن بلوچستان بالخصوص تعلیمی اداروں کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کیلئے کیے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں