ایم ڈی کیٹ انٹری ٹیسٹ، بلوچستان سے 9234 امیدوار حصہ لیں گے، انتظامات مکمل کرلیے گئے
کوئٹہ (آن لائن)بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی نے کہا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کے انٹری ٹیسٹ ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی ایک ہی روز ہورہے ہیں جس میں بلوچستان سے 9234 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں 5249 طلباءاور 3983 طالبات ہیں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور نتائج کا اعلان 5 روز بعد کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر پرنسپل جھالاوان میڈکل کالج ڈاکٹر صمد گچکی ، پروفیسر ڈاکٹر منیر احمد سمالانی ، فوکل پرسن ایم ڈی کیٹ پروفیسر ڈاکٹر خان محمد بابر ، سربراہ شعبہ پیتھالوجی پروفیسر ڈاکٹر حنیف مینگل ، سربراہ شعبہ نیورو سرجری پروفیسر ڈاکٹر مصطفی وردگ ، رجسٹرار سید اورنگزیب شاہ ، ٹریژرار ذیشان قریشی ، ایڈیشنل رجسٹرار سید ظفر بھی موجود تھے۔پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی کا کہنا تھا کہ ایم ڈی کیٹ کے انٹری ٹیسٹ میں ملک بھر سے 3 لاکھ امیدوار حصہ لے رہے ہیں انٹری ٹیسٹ میں حصہ لینے والے امیدوار اوریجنل شناختی کارڈ / ب فارم یا والد کا شناختی کارڈ ، رولنمبر سلپ کی کلر کاپی لے کر آئیں۔انٹری ٹیسٹ کی سوالیہ شیٹ اسی روز ویب ساٹ پر جاری کردی جاے گی جبکہ رزلٹ ایک 5روز بعد جاری کردیا جاے گا۔انٹری ٹیسٹ میں 200 ایم سی کیوز ہو نگے اور ٹیسٹ کا دورانیہ 3 گھنٹے 30 منٹ ہوگا انٹری ٹیسٹ میں حصہ لینے والے امیدواروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ صبح 8 بجے تک بیوٹمز یونیورسٹی پہنچ جائیں۔8:30 بجے بیوٹمز یونیورسٹی کے گیٹ بند کر دئیے جائیں گے اس کے بعد کسی کو بھی داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔بولان میڈکل کالج کی 300 جبکہ مکران میڈیکل کالج کی 50 ، جھالاوان میڈکل کالج کی 50 ، لورالائی میڈکل کالج 50 ہائیر ایجوکیشن کی 20 ، غیر ملکی طلبا وطالبات کے لیے18 اور دیگر صوبوں کے لیے 36 ایم بی بی ایس کی سیٹیں مختص ہیں۔بولان میڈکل کالج کی 54 سیٹیں بی ڈی ایس کے لیے مختص ہیں۔بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کا مقصد ایک شفاف اور منصفانہ ایم ڈی کیٹ کے امتحان کا انعقاد ممکن بنانا ہے جس سے بلوچستان میں میڈیکل اور ڈینٹل کے خواہشمند طلبا کو فائدہ پہنچے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری یونیورسٹی کچھ عرصہ قبل معرض وجود میں آئی ہے اور ہم نے وسائل کی وجہ سے انٹری ٹیسٹ کی تیاری نہیں کی تھی اور ہم نے ملک بھر کی نسٹ یونیورسٹی سے ٹیسٹ کے پیپر بنوائے اور چیکنگ کروانے ہیں ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آئندہ سال بولان میڈیکل یونیورسٹی ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے پیپر خود تیار کرے گی اور انٹری ٹیسٹ بھی خود لے گی۔


