مستحق طلبہ کو تعلیمی وظائف اور مالی معاونت کی فراہمی، گوادر یونیورسٹی اور پاکستان بیت المال کے درمیان معاہدہ طے

گوادر (بیورو رپورٹ) یونیورسٹی آف گوادر اور پاکستان بیت المال کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد مستحق طلبہ کو تعلیمی وظائف اور مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔ یہ معاہدہ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران طے پایا، جس کے تحت پاکستان بیت المال یونیورسٹی آف گوادر کے مستحق طلبہ کو تعلیمی وظائف اور دیگر مالی سہولیات فراہم کرے گا۔ اس موقع پر گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر (ر) شعیب احمد خان نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف گوادر نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے کے مستحق اور باصلاحیت طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود تعلیم جاری رکھنے والے طلبہ کے لیے پاکستان بیت المال کی معاونت نہایت قابل تحسین ہے۔ تقریب میں یونیورسٹی آف گوادر اور پاکستان بیت المال کے علاوہ بلوچستان کے مختلف یونیورسٹیوں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ شرکاءنے اس معاہدے کو تعلیم کے فروغ، سماجی بہبود اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے ایک مثبت اور عملی قدم قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں