امریکا و اسرائیل کے ایران پر حملے عالمی قوانین اور قومی خود مختاری کی خلاف ورزی ہیں، مولانا فضل الرحمن کی چینی سفیر سے گفتگو

اسلام آباد (ویب ڈیسک) چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کا کہنا ہے کہ امریکا و اسرائیل کے حملے عالمی قوانین اور ایران کی قومی خود مختاری کی خلاف ورزی ہیں۔ پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں خطے کی صورتحال، امن و امان اور دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔ چینی سفیر نے کہا کہ فوری جنگ بندی نہ ہونے سے مشرق وسطیٰ، یورپ اور پوری دنیا پر معاشی اثرات مرتب ہوں گے، سی پیک اور امن و امان کے حوالے سے جے یو آئی اور چین کی سوچ میں ہم آہنگی سے خطے کو فائدہ ہوگا، ہم مل کر اس خطے کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ جے یو آئی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات میں امریکا اور اسرائیل کی ایران سے جنگ پر تفصیلی بات چیت ہوئی، خطے میں امن و امان کے قیام کیلئے کوششوں پر رہنماﺅں میں اتفاق کیا گیا، دونوں رہنماﺅں نے خطے کو پرامن رکھنے کیلئے پر امن ذرائع استعمال کرنے پر زور دیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جے یو آئی پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط، مستحکم بنانے کی خواہش رکھتی ہے، جے یو آئی نے اس حوالے سے پہلے بھی کردار ادا کیا اور آئندہ بھی کرے گی۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ چین کا تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں