پنجگور میں ٹرک سے بھاری مقدار میں اعلیٰ کوالٹی کی افیون برآمد

پنجگور (نامہ نگار) پنجگور لیویز فورس کی بڑی کارروائی، ٹرک سے 800 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی افیون برآمد، بین الاقوامی منڈی میں قیمت کروڑوں روپے بنتی ہے، منشیات ٹرک کے ذریعے پنجگور کے راستے سمندر کے ذریعے بیرون ملک منتقل کی جارہی تھی۔ لیویز نے اسسٹنٹ کمشنر پنجگور رضون اختر کی زیرنگرانی سرسانڈ چیک پوسٹ پر کوئٹہ سے آنے والی ایک ٹرک کو روک کر جب تلاشی لی تو ٹرک ڈرائیور نے گاڑی پہاڑوں میں بھگانے کی کوشش کی جس پر لیویز کے جوانوں نے ٹرک کا تعاقب کیا جس پر ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگیا۔ لیویز نے جب ٹرک کو قبضے میں لیکر تلاشی لی تو ٹرک کے خفیہ خانوں سے 800 کلو گرام افیون جس کی مالیت بین الاقوامی منڈی میں کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے برآمد کرکے منشیات اور ٹرک کو قبضے میں لیکر مقدمہ درج کرلیا۔ کارروائی میں لیویز میجر صابر علی گچکی محرر عبدالغفار سرسانڈ لیویز چیک پوسٹ انچارج نورافضل محمد عثمان بلوچ نے بھی حصہ لیا۔ پکڑی گئی منشیات سے متعلق اسسٹنٹ کمشنر پنجگور رضوان قادر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیویز پولیس منشیات کیخلاف بھر پور کارروائی کررہی ہے، پچھلے تین دنوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی مختلف اقسام کی منشیات برآمد کرلی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں