آئین صدر اور عدالت عظمیٰ کو انتخابات کے انعقاد کا پابند بناتا ہے، تحریک انصاف
اسلام آباد (صباح نیوز) تحریک انصاف کی قیادت کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی اور قومی جماعت ہے جو وفاقِ پاکستان کی تمام اکائیوں میں یکساں طور پر مقبول ہے، ہم پاکستان کے قومی مفادات اور ترجیحات کا مکمل ادراک رکھتے ہیں، ملک میں پھیلے سیاسی عدمِ استحکام اور معاشی بدحالی سے نجات دستور کی منشا پر اس کی روح کے مطابق عمل میں مضمر ہے۔ قیادت تحریک انصاف کی طرف سے واضح کیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعدآئین کے صریح حکم کی روشنی میں انتخابات کا 90 روز کی مدتِ مقررہ کے اندر آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انعقاد ہی پیش قدمی کا واحد رستہ ہے، اس باب میں آئین صدرِمملکت اور عدالتِ عظمی پر نہایت اہم ذمہ داری ڈالتا اور انہیں طے شدہ مہلت کے اندر ان انتخابات کے انعقاد کا پابند بناتا ہے۔ تحریک انصاف پرامید ہے کہ صدرِمملکت اور سپریم کورٹ آف پاکستان اپنی دستوری ذمہ داریوں سے بخوبی عہدہ برآ ہوں گے۔ امید ہے صدرِمملکت اور عدالتِ عظمی عوامی فلاح کے مقاصد کے حصول کیلئے ایک جمہوری پاکستان کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔


