بلوچستان، ایم ڈی کیٹ انٹری ٹیسٹ 9082 امیدواروں میں سے 22.93فیصد طلباءکامیاب
کوئٹہ( این این آئی) بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں میڈیکل کالجز کے لئے ہونے والے ایم ڈی کیٹ کے انٹری ٹیسٹ میں حصہ لینے والے 9082 امیدواروں میں سے 22.93فیصد طلباءنے کامیابی حاصل کی جبکہ ٹیسٹ میں سب سے زیادہ نمبر 174 یعنی 87فیصد حاصل کئے ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے میڈیکل کالجز کے لئے ہونے والے ایم ڈی کیٹ کے انٹری ٹیسٹ میں 9234 امیدوار نے اپلائی کیا تھا جبکہ انٹری ٹیسٹ میں 9082 امیدواروں نے حصہ لیا اور ٹیسٹ میں حاضری کا تناسب 98.35فیصد رہا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے معیار کے مطابق ایم بی بی ایس کے پاسنگ مارکس 55فیصد ہے جس میں %22.93فیصد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی جبکہ بی ڈی ایس کے پاسنگ مارکس 50فیصد ہے جس میں 33.07 فیصد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے کہاکہ ایم ڈی کیٹ انٹری ٹیسٹ بلوچستان میں سب سے زیادہ نمبر 174 یعنی 87فیصد حاصل کئے ،بولان میڈکل کالج کی 300 مکران میڈیکل کالج کی 50 ، جھالاوان میڈکل کالج کی 50 ، لورالائی میڈکل کالج 50 ہائیر ایجوکیشن کی 20 ، غیر ملکی طلباءوطالبات کے لئے18 اور دیگر صوبوں کے لئے36 یعنی بلوچستان میں مجموعی طور پر ایم بی بی ایس کی 524 سیٹیں مختص ہیں ہیں اور بی ڈی ایس کے لئے بولان میڈکل کالج کی 54 سیٹیں مختص ہیں۔


