کوئٹہ، اے این ایف کی بڑی کارروائی، ٹرک سے 2 ہزار کلو سے زائد چرس برآمد

کوئٹہ(صباح نیوز)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف )نے ایک کارروائی میں ٹرک کے خفیہ خانوں سے سوا2ٹن چرس برآمد کرلی،4ملزمان کوگرفتار کرلیا گیا ۔ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات سمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی مینگل آباد کوئٹہ کے قریب مغربی بائی پاس پر عمل میں لائی گئی۔ اس دوران ٹرک سے سوا 2 ٹن سے زائد منشیات برآمد کرکے  4 منشیات سمگلرز کو گرفتار کرلیا گیا،چرس ٹرک پر نصب سیمنٹ مکسچر مشین میں بنائے گئے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔ کارروائی کے دوران ٹرک کے ساتھ ایک چھوٹی گاڑی بھی پکڑی گئی جس میں سوار 2 ملزمان سہولت کار کے طور پر ٹرک کو روٹ کلیئر کروا رہے تھے۔ دوران کارروائی گاڑی اور ٹرک میں سوار مجموعی طور پر 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کا تعلق قلعہ عبداللہ، کوئٹہ اور چمن سے ہے۔ملزمان منشیات چمن سے براستہ کوئٹہ اندرون سندھ سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ ملزمان سے گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لئے تفتیش جا ری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں