ہنہ اوڑک کے قدرتی وسائل پر قبضہ اور مقامی افراد کو یرغمال بنانا قابل مذمت ہے، پشتونخوا میپ
کوئٹہ (آن لائن) پشتونخوا میپ ہنہ اوڑک کے عوام کے تمام جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے ،سیکورٹی فورسز عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی بجائے عوام کو امن و امان دینے کیلئے اقدامات کریں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے گزشتہ روز ہنہ اوڑک میں عوام کے طرف سے دیئے گئے دھرنے سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہنہ اوڑک پشتونخوا وطن کا اہم سیاحتی مرکز ہے اور وادی ہنہ اوڑک کے عوام کا دارومدار زراعت پر منحصر ہے گزشتہ کئی سالوں سے ہنہ اوڑک کے عوام کو سیکورٹی کے جانب سے مسلسل یرغمال بنانے، انکے سیاحتی حیثیت کو ختم کرنے، زراعت کو تباہی کے دہانے پہنچانے اور ہنہ اوڑک کے قدرتی وسائل پر قبضہ کرنے ،زور زبرستی پانی کا معاہدہ کرنے اور عوام کے اپنے ہی علاقے میں دہشتگردی کے واقعات کے نام پر خوف وہراس میں مبتلا کرنے جیسے اقدامات سے عوام شدید اضطراب میں مبتلا ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب اور بارشوں سے ہنہ اوڑک کا تمام انفراسٹرکچر تباہ ہوچکا اور عوام کو اربوں روپے کا نقصانات سے دوچار ہونا پڑا لیکن حکومت مکمل غفلت کا مظاہرہ کرتی رہی جوکہ قابل گرفت عمل ہے اور ان کا احتساب کرنا یہاں موجود عوام کاحق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے ہر موقع پر اپنے عوام کے حقوق اور مفادات کیلئے آواز بلند کی ہے،پارٹی نے بہت پہلے عوام کو آگاہ کیا کہ ہمارے وطن ، وسائل پربعض قوتوں کی جانب قبضہ گیر ی کے ارادے ہیں اور یہ ارادے خطرناک ہے لیکن اس کو غیر سنجیدہ لیا گیا اور آج کے حالات یہاں عوام کے سامنے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے خوف وہراس کا ماحول پیدا کرنا اور عوام کو اپنے ہی علاقے سے بیدخل کرنا ، اپنے وسائل ، پانی ، معدنیات ، سرزمین سے محروم کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی اور اگر یہی صورتحال رہی تو اس احتجاج کو علاقے کے عوام کی تائید وحمایت سے مزید وسیع کیا جائیگا اور ہر فورم پر آواز بلند کی جائیگی ۔ انہوں نے آخر میں احتجاج پر بیٹھے عوام اور ان کے رہنماﺅں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس قسم کے حالات میں سیاسی جمہوری پارٹیوں کو اعتماد میں لیکر مشترکہ طور پر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ، پشتونخواملی عوامی پارٹی ہنہ اوڑک کے عوام کے ساتھ پہلے بھی ہر موقع پر کھڑی رہی ہے اور آج بھی ان کے جائز مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کرتی ہے کہ ہنہ اوڑک کے عوام کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔پارٹی وفد میں صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، صوبائی رابطہ سیکرٹری گل خلجی ، ضلع کوئٹہ کے سینئر معاونین جمشید خان دوتانی ، نصیر خان کاکڑ، تحصیل صدر سیکرٹری نعیم خان پیرعلیزئی ،ضلعی ایگزیکٹوز رفیع اللہ اچکزئی، دوران خان، سینئر معاون سیکرٹری راحت خان بازئی،علاقائی سیکرٹری صادق خان کاکڑ ، سینئر معاون سیکرٹری یونس خان ودیگر علاقائی ایگزیکٹوز بھی ان کے ہمراہ تھے۔


