آپ نے دو زبانوں کا قتل کیا اردومیں بات کریں یاپوری انگریزی بولیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا وکیل پر اظہار برہمی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کی سماعت کے دوران دو زبانوں میں دلائل دینے پر وکیل پر اظہار برہمی کیا اور کہا کہ آپ نے دو زبانوں کا قتل کیا ہے،اردومیں بات کریں یا انگریزی بولیں ۔سپریم کورٹ میں زمین تنازع سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، تو چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور وکیل کے مابین دلچسپ مکالمہ ہوا۔دوران سماعت چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کہا کہ پٹھان توسب سے اچھے ہوتے ہیں، جتنا اخلاق آپ کووہاں ملے گا ایسا کہیں اورنہیں لیکن پٹھانوں کا بس یہ ہے کہ وہ دشمنی بڑی لمبی چلاتے ہیں۔وکیل نے جواب میں کہا کہ لگتاہے میں نے غلط جگہ پر ایسی بات کردی۔ وکیل کے جملے پر عدالت میں قہقہے بکھر گئے۔وکیل کے جواب پر چیف جسٹس نے بھی مزاحیہ انداز میں کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ بینچ میں اس معاملے پر اتفاق رائے ہوگا۔ چیف جسٹس پر ایک بار پھر کمرہ عدالت قہقہوں سے گونج اٹھا۔چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے شوقیہ مقدمہ بازی کوبند کرنا ہے۔چیف جسٹس وکیل کے اردو اور انگریزی دونوں میں دلائل دینے پر شدید برہم ہوگئے اور کہا کہ آپ نے 2 زبانوں کا قتل کیا ہے، یا تو اردو میں بتائیں یا پوری انگریزی بولیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں