بھارتی اداکارہ زرین خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)کولکتہ کی ایک عدالت نے بالی ووڈ اداکارہ زرین خان کے خلاف مبینہ دھوکہ دہی کے معاملے میں وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔اداکارہ کے خلاف 2018 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، معاملے کے تفتیشی افسر نے کولکتہ کی سیالدہ عدالت میں اداکارہ کے خلاف چارج شیٹ پیش کی۔تاہم زرین خان نے نہ تو ضمانت کی اپیل کی اور نہ ہی عدالت میں پیش ہوئیں، ان کی بار بار غیر حاضری پر عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔گرفتاری وارنٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر زرین خان نے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ میں بھی حیران ہوں اور اپنے وکیل کے ساتھ چیک کر رہی ہوں۔ اس کے بعد ہی میں آپ کو کچھ وضاحت دے سکوں گی، اس دوران آپ میرے پی آر سے بات کر سکتے ہیں‘۔بالی ووڈ اداکارہ پر ایک شو میں پرفارم کرنے کے پیسے لینے کے باوجود پرفارمنس نہ دینے کا الزام ہے۔پولیس کے مطابق منتظمین میں سے ایک نے بالی ووڈ اداکارہ اور ان کے منیجر کے خلاف دھوکہ دہی کی تحریری شکایت درج کروائی تھی۔ دونوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی اور انہیں پوچھ گچھ کے لیے پیش ہونے کیلئے کہا گیا تھا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ زرین خان نے مقامی عدالت میں شو کے منتظمین کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا تھا۔ جانچ پڑتال کے بعد اداکارہ اور ان کے منیجر کے خلاف چارج شیٹ دائر کی گئی۔منیجر عدالت میں پیش ہوئے اور ضمانت کی درخواست کی لیکن اداکارہ نے نہ تو ضمانت مانگی اور نہ ہی عدالت میں پیش ہوئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں