جیکب آباد، کمسن بچی سے زیادتی کے بعد قتل میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف ورثہ کا احتجاج، مرکزی شاہراہ پر دھرنا
جیکب آباد(آئی این پی ) جیکب آباد میں دس سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعے کے خلاف جے یو آئی اور ورثہ کا احتجاج، قومی شاہراہ پر دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں 14روزقبل زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی 10سالہ معصوم بچی حسینا کھوسو کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف جے یو آئی اور ورثہ کی جانب سے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، بچی کے والدسھنو کھوسوکی قیادت میں احتجاجی جلوس نکالا گیا، مظاہرین نے شہید اللہ بخش پارک کے قریب قومی شاہراہ پر دھرنا دیکر روڈ بلاک کردیا اور قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف نعریبازی کی، اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ صدر تھانہ کی حدود مسلم کالونی کی رہائشی 10سالہ معصوم بچی حسینا کھوسو کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا لیکن دو ہفتے گزرنے کے باوجود پولیس قاتلوں کا سراغ نہیں لگا سکی ہے، انہوں نے کہا کہ پولیس قاتلوں کو گرفتار کرنے میں سنجیدہ نہیں جس کی وجہ سے قاتل آزاد گھوم رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی کی جانب سے بنائی جانے والی جے آئی ٹی بھی سستی سے کام کررہی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے ورثہ کے ساتھ انصاف کیا جائے۔


