خطرہ ہے عزیر بلوچ کو مار نہ دیا جائے، وفاقی وزیر علی زیدی

کراچی: وفاقی وزیر علی زیدی نے عزیر بلوچ کو ہلاک کرنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے جے آئی ٹی کے سامنے جن بڑے بڑے لوگوں کے نام لیے وہ اسمبلی میں بیٹھے ہیں، رپورٹ پبلک ہونی چاہیے۔
وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے کہ کراچی شہر میں بڑے بڑے سانحات کی تحقیقات کیلئے بنائی گئیں جے آئی ٹیز کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے لیکن صوبائی حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی کاپی فراہم نہیں کی گئی۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ 28 جنوری 2020ء کو سندھ ہائی کورٹ نے تمام جے آئی ٹیز کی رپورٹ پبلک کرنے کا کہا تھا لیکن عدالتی حکم کے باوجود اسے فراہم نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جے آئی ٹی میں ایسا کیا ہے جو پیپلز پارٹی چھپانا چاہتی ہے؟
انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ نے جے آئی ٹی میں جن بڑے بڑے لوگوں کے نام لیے وہ اسمبلی میں بیٹھ کر بحث کر رہے ہوتے ہیں۔ اس نے تسلیم کیا تھا کہ اس کا آصف علی زرداری سے تعلق ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں