چیف سیکرٹری بلوچستان سے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو
کوئٹہ(آن لائن) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سے پیر کے روز کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک ناجی بنہاسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے مکانات کی تعمیر، کوئٹہ میں واٹر سپلائی منصوبوں، بلوچستان ہیومین کیپیٹل پراجیکٹ سمیت دیگر سرگرمیوں کوفروغ دینے میں معاونت کی فراہمی اور مختلف ترجیحی شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔ چیف سیکرٹری نے کہاکہ کہا کہ عالمی بینک پاکستان کے بڑے ترقیاتی شراکت داروں میں سے ایک اہم شراکت دار ہے جس کی دہائیوں سے جاری امداد کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور انہوں نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں بالخصوص سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے عالمی بینک کی مسلسل حمایت اور عزم کو بھی سراہا۔ ملاقات میں انسانی وسائل کی ترقی، تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت، روزگار، پانی، زراعت اور آبپاشی، لائیو اسٹاک کی ترقی کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں سیکرٹری ایریگیشن حافظ عبد الماجد، سیکرٹری صحت اسفندیار خان کاکڑ، سیکرٹری پاپولیشن عبداللہ خان، سیکرٹری تعلیم عبدالروف بلوچ، سیکرٹری پی ایچ ای صالح محمد بلوچ، سیکرٹری پلاننگ اصغر حریفال بھی موجود تھے۔