بچوں کی بیماری ’’اے ڈی ایچ ڈی‘‘ کا علاج ویڈیو گیم سے ہو گا

بوسٹن:امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے باقاعدہ طور پرمقامی کمپنی کی تیارکردہ ایک ویڈیو گیم کی منظوری دیدی ہے جو توجہ بٹ جانے میں مبتلا بچوں کے علاج کے لئے بطورِ خاص بنائی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس گیم کا نام ‘اینڈیور آر ایکس’ رکھا گیا ہے جسے 8 سے 12 سال کے بچوں کے لئے بطورِ خاص ڈیزائن کیا گیا ہے لیکن یہ گیم ڈاکٹروں کے نسخے کے بغیر استعمال نہیں کی جا سکتی۔

ماہرین کے مطابق اے ڈی ایچ ڈی (اٹینشن ڈیفیسٹ ہائپرایکٹویٹی ڈس آرڈر) کی علامات کے بغیر یہ گیم کسی کام کی نہیں۔ اے ڈی ایچ ڈی میں بچے ایک جگہ اپنی توجہ مرکوز نہیں کر پاتے اوراکثر کاموں کو خراب کر دیتے ہیں۔

مذکورہ ویڈیو گیم مرض میں مبتلا بچوں کا پہلا ڈجیٹل علاج ہو گا جس سے بچوں کو اپنی توجہ ایک جگہ مرکوز کرنے میں مدد ملے گی۔ متعلقہ ادارے سے منظوری سے قبل گیم کی 600 بچوں پر آزمائش کی گئی جس میں مختلف کردار پھسلتے رہتے ہیں اور آگے بڑھتے ہیں۔

مریض بچے اپنے حسیاتی اعضا اور اعصاب پر کنٹرول کرنے کی صلاحیت میں اضافے سے روزمرہ افعال سر انجام دینے کے قابل ہو سکیں گے، اس گیم میں مزید بہتری کیلئے ماہرین تحقیقی عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں