پنجگور میں کیسکو کا بجلی چوروں اور کنڈا مافیا کیخلاف آپریشن، سیکڑوں کنکشن منقظع
پنجگور (نمائندہ خصوصی) کیسکو واپڈا کی جانب سے بجلی چوروں اور کنڈا مافیا کے خلاف آپریشن جاری مختلف علاقوں میں سینکڑوں کنکشن کاٹ دئے گئے۔ کیسکو کے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل مکران سرکل بنگل خان مری اور اسسٹنٹ کمشنر پنجگور رضوان قادر،ایس ڈی او کیسکو عطاءاللہ بنگلزئی، ڈی ایس پی ملک احمد، محمد اقبال، اختر علی کی سربراہی میں کیسکو کی پوری ٹیم نے یونین کونسل بونستان اور مضافات میں آپریشن جاری رکھنے ہوئے بونستان دازی میں 4 چار ٹرانسفارمر اتار دیے اور مجبور آباد میں تمام ٹرانسفارمر بند کردیے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر بنگل مری اور اسسٹنٹ کمشنر رضوں قادر نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آخری غیر قانونی کنکشن کو ختم کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا آج ہم نے بونستان دازی اور مجبور آباد میں بجلی چوری اور کنڈا مافیا کے خلاف آپریشن کیا دازی کے کل 4چار ٹرانسفارمر اتار دئے یہ وہ علاقے ہیں جہاں کے رہائشی واپڈا کے نادہندہ ہیں جنہوں نے عرصہ دراز سے بجلی کے بل جمع نہیں کئے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی چوری اور کنڈا مافیا کے خلاف قانونی کارروائی کررہے ہیں ہم بار بار عوام کو پیغام دے رہے ہیں کہ وہ اپنا بل جمع کریں ہم اپنے صارفین کے ساتھ ہر قانونی طریقے سے تعاون کیلئے تیار ہیں لیکن بجلی چوری اور کنڈا کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک لاکھوں روپے جرمانہ کے ساتھ ساتھ ریکوری بھی کی گئی ہے۔ تمام علاقے کلیئر کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔


