موسم سرما نے کوئٹہ میں قدم رکھ دیا
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) کوئٹہ سمیت صوبے کے شمالی علاقوں میں قندھار سے آنے والی ٹھنڈی اور گرد آلود ہوائیں چلنے سے درجۂ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے جس نے کوئٹہ میں موسمِ سرما کی آمد کا بگل بجا دیا ہے۔موسمِ سرما نے کوئٹہ میں دبے پاؤں قدم رکھ دیا، گھروں اور دفاتر میں اے سی اور پنکھے بند ہو گئے۔لوگوں نے رات کو سونے کے لیے کمبل اوڑھنے کے ساتھ ساتھ گرم پانی کے لیے گیزر کا استعمال شروع کر دیا، شہریوں نے صبح اور رات کے اوقات میں سردی سے بچانے کے لیے واسکٹس اور جیکٹس نکال لیں۔شہر کی مارکیٹس میں کمبلوں کی فروخت میں بھی اضافہ ہو گیا۔کوئٹہ میں موسم سرما کا دورانیہ فروری کے آخر تک رہتا ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق زیارت میں کم سےکم درجۂ حرارت صفر جبکہ کوئٹہ میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ژوب میں کم سے کم درجۂ حرارت 6، قلات میں 7، خضدار میں 8 اور سبی میں 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔آج بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد و خشک جبکہ جنوبی اضلاع میں گرم رہے گا۔


