کوئٹہ میں بلڈنگز کوڈ کیخلاف تعمیرات کو زلزلے سے خطرات ہیں، جان اچکزئی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نگراں صوبائی حکومت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح مستعد و تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے زلزلہ پیما ریسرچ انسٹیٹیوٹ سولر سسٹم جیومیٹری سروے (ایس ایس جی ایس )کی جانب سے کی گئی پیشن گوئی کے حوالے سے کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ زلزلے کی قبل از وقت پیشنگوئی نہیں کی جا سکتی کہ زلزلہ کب اور کہاں ائے گا، تاہم قدرتی آفات ایک مسلمہ حقیقت ہیں ہماری ایمرجنسی سروسز بشمول ایم ای آر سی پی ڈی ایم اے، آرمی، ایف سی، سول انتظامیہ، لیویز، پولیس، فائر بریگیڈ اور میڈیکل ٹیمیں کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور 24 گھنٹے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ پر سکون رہیں اور مستند ذرائع سے خود کو باخبر رکھیں اور ایمرجنسی کی صورت میں حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے، حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ نگران صوبائی حکومت پہلے ہی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن جاری رکھے ہوئے ہے کیونکہ بلڈنگز کوڈ کیخلاف اور نالوں و کاریزات پر تعمیر ات کو ایسی صورتحال میں خطرات درپیش ہوسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں