رحمان ملک کیخلاف مقدمے کے اندراج کیلئے سنتھیا عدالت پہنچ گئیں
امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ پہنچ گئیں۔
اپنی درخواست میں سنتھیا نے مؤقف اختیار کیا کہ رحمان ملک سے جان کو خطرہ ہے اور تھانہ سیکرٹریٹ پولیس درخواست کے باوجود مقدمہ درج نہیں کررہی لہٰذا عدالت رحمان ملک کیخلاف مقدمہ درج کرنےکا حکم دے۔
سنتھیا ڈی رچی کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج نے سماعت کی اور پولیس کونوٹس جاری کردیے ہیں۔
مریکی خاتون کا رحمان ملک پر جنسی زیادتی اور یوسف رضا پر دست درازی کا الزام
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیر داخلہ و رہنما پیپلز پارٹی رحمان ملک کے خلاف امریکی شہری سنتھیا رچی کی درخواست پولیس نے مسترد کر دی تھی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق سنتھیا رچی کے پاس کسی قسم کا ثبوت نہیں ہے، درخواست ناقابل کارروائی ہے، دھمکیوں کے الزامات کے حوالے سے سنتھیا رچی کسی کا فون نمبر، تاریخ اور نہ دھمکی کا وقت بتا سکیں۔
سنتھیا رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام لگایا ہے۔
رحمان ملک کی جانب سے سنتھیا رچی کو 50 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا ہے جب کہ سنتھیا رچی نے یوسف رضا گیلانی کو 12 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا ہے۔


