صحافیوں پرہونے والے ظلم و زیادتی کسی بھی صورت برداشت نہیں کریںگے،صوبائی وزراء

کوئٹہ;صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ صحافیوں کی گرفتاری اور ان پر تشدد کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،صحافیوں پرہونے والے ظلم و زیادتی کسی بھی صورت برداشت نہیں کریںگے ، صحافیوںنے ہمیشہ بلوچستان کے مفادمیں کام کیا ہے ان پر تشدد کے حوالے سے ایک اعلیٰ پولیس آفیسر کے ذریعے انکوائری کرائی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے سامنے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام چمن کے 2صحافیوں پر تشدد کے خلاف مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے بھی خطاب کیا ۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ صحافیوں پر ہونے والے تشدد کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال نے بھی واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے ، صحافیوں پر تشدد کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔ صحافیوں نے ہمیشہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے ، صوبائی حکومت نے صحافیوںکی نشاندہی پر بلوچستان کے مسائل حل کرنے میںبھر پور کردار ادا کیا ہے ۔ صحافیوںنے ہمیشہ دور دراز علاقوں کے مسائل کو اجاگر کیا ان کی گرفتاری اور ان پر تشدد کی تحقیقات کرائیں گے ۔ صحافیوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔ صوبائی وزیر داخلہ صحافیوںکے مطالبے پر سیکرٹری داخلہ کو طلب کرلیا اور سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کرتے ہوئے ایک اعلیٰ سینئر پولیس آفیسر کی سربراہی میں صحافیوں پر تشدد کی تحقیقات کرانے کا حکم دیا ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے صحافوںپر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری معاشرے میںکسی کے ساتھ بھی ظلم و زیادتی نہیں ہونے دیں گے ، صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہوتا ہے ۔ حکومت متاثرہ صحافیوں کو انصاف فراہم کرے گی ۔ بلوچستان کے سینئر صحافیوں نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں پر تشدد کرنے والوں اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کرکے انصاف فراہم کی جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں