کوئٹہ کی مسیحی آبادیوں میں گزشتہ 8 سال سے گیس، بجلی، پانی جیسی سہولیات میسر نہیں، حق دو مسیح محاذ
کوئٹہ (آن لائن) حق دو مسیح محاذ کے زیر اہتمام فرحان یونس کی قیادت میں کوئٹہ میں آباد مسیحیوں کو زندگی کی زندگی بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہر کیا گیا۔مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ مظاہرے میں چوہدری شان سلامت، شمشاد بھٹی، شیرانی انیل غوری، اسلم پیٹر، عدنان عارف، اور شیران ولیم نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ گزشتہ آٹھ سال سے کوئٹہ کی مسیحی آبادیوں میں گیس، بجلی اور پانی جیسی سہولیات میسر نہیں ہیں جس کی وجہ سے ضعیف العمر اشخاص ، خواتین اور بچوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلو چستان کے دارا لحکومت کوئٹہ میں چار مسیحی آبا دیاں نظیر آباد کلی کوتوال نواں کلی، کرسچن کا لونی، بر کت کا لونی اور جعفر آباد ،کلی خیزی میں بجلی، گیس اور پانی کی سہولیات نہ ہو نے کی وجہ سے مسیحی برادری بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ حکومت بلو چستان اوراقلیتی نمائندے عوام کو ریلیف فراہم کر نے میں مکمل طورپر ناکام ہو چکے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جلداز جلد نظیر آباد کلی کوتوال،کرسچن کا لونی، بر کت کا لونی اور جعفر آباد کلی خیزی میں بجلی،گیس اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔


