وڈھ میں کشیدہ حالات کے باعث ٹرانسپورٹرز نشانہ بن رہے ہیں، حکومت تحفظ دے، گڈز ٹرک اونرز

کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حاجی نور محمد شاہوانی نے وڈھ کے کشیدہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایف سی اور اعلیٰ حکام اس کا نوٹس لے قبائلی جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 3 بے گناہ ڈرائیور جاں بحق اور 5 زخمی ہوچکے ہیں حالات کی سنگینی اور معاملات کی بہتری کے لئے حکومت کی عدم توجہی باعث تشویش ہے ٹرانسپورٹر کا کوئی قصور نہیں کہ انہیں نشانہ بناکر ابدی نیند سلایا جائے اور ان کے کاروبار کو متاثر کیا جائے یہاں جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں حاجی نور محمد شاہوانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ٹرانسپورٹروں نے ہر مشکل صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے اپنے کاروبار کو جاری رکھتے ہوئے ذمہ داری نبھائی ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال یا مشکل وقت میں لوگوں کو سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے وڈھ میں ایک قبیلے کے دو گروپوں کے مابین ہونے والے جھگڑے کی زد میں بے گناہ علاقے کے مکین اور قومی شاہراہ سے گزرنے والے ٹرانسپورٹر نشانہ بن رہے ہیں۔ کئی ماہ سے جاری اس جھگڑے کے دوران قومی شاہراہ سے گزرنے والی گڈز ٹرانسپورٹ پر فائرنگ سے 3 بے گناہ انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں اور 5 زخمی ہوئے ہیں ان بے گناہ ڈرائیوروں کا کوئی قصور نہیں دونوں گروپوں کا آپس میں جھگڑا اس کو مل بیٹھ کر حل کرنا چاہئے نہ کہ اپنے جھگڑے کو طول دیتے ہوئے لوگوں کے لئے مشکلات پیدا کی جائیں۔ کمانڈنٹ ایف سی ، صوبائی نگران حکومت اور پاک فوج کو اس کا نوٹس لیتے ہوئے خراب حالات کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ علاقہ مکینوں اور اس علاقے سے گزرنے والے لوگوں، ٹرانسپورٹروں میں پائی جانے والی تشویش دور ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں