وفاقی بجٹ میں بلوچستان کے ساتھ مذاق کیا گیا،مولانا واسع
کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الواسع نے پاک بھارت سفارتی کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی سربراہی میں قائم نااہل حکومت نے ان قومی ترجیحات کو بھی نقصان پہنچایا جو قیام پاکستان سے سے چلی آرہی تھیں کشمیر کا سودا کرکے بانی پاکستان کی روح کو تڑپایا اٹھارویں ترمیم کے متعلق ان کی نیت کے فتور سے صوبوں کے درمیان دوری پیدا کرنے کی کوشش کی گئی‘وفاقی بجٹ میں بلوچستان کے ساتھ مذاق کیا گیا اس مذاق کی بنیادی وجہ بلوچستان کی کمزور حکومت ہے جو سودا کی بیساکھیوں پر قائم ہے ہر ماہ اپنے وزرا کو منانے میں وقت ضائع کررہی ہوتی ہے جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبد الواسع نے پیر عزیز الرحمن ہزاروی کی وفات پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جمعیت شفیق سرپرست سے محروم ہوگئی ہے آزادی مارچ سمیت ہرمشکل مرحلے میں حضرت نے دن رات ایک کرکے جمعیت علماء اسلام کی کامیابی کیلئے عملی جدو جہد اور دعائیں کیں وہ شیخ زکریہ کاندھلوی کے خلیفہ مجاز اور جمعیت علما اسلام اسلام آباد کے سرپرست اعلیٰ کی حیثیت سے ولایت کے اعلیٰ مناصب جلیلہ پر فائز تھے اس قسم اولیاء اور علماء کی رحلت ظلمت میں ڈوبے ہوئے معاشرے میں کسی قیامت سے کم نہیں ہے انہوں نے کہا کہ جید عالم دین مولانا مفتی محمد نعیم کے بعد یہ سانحہ کسی بڑے امتحان سے کم نہیں ہے انہوں نے پیر عزیز الرحمن ہزاروی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اصلاح امت، اشاعت دین، ترویج اسلام کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی رحلت سے امت ایک ولی سے محروم ہوگئی ہے انہوں نے مرحوم کی مغفرت کیلئے خصوصی دعا کی۔


