وفاقی حکومت نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے،مولانا واسع
کو ئٹہ;جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ نااہل وفاقی حکومت کی وجہ سے ملک کے تمام ادارے مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں، تبدیلی لانے والوں نے ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹ ڈال کر ملک کو پسماندگی کی طرف دھکیل دیا ہے، موجودہ حکمرانوں نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا، وفاقی حکومت نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے جو اتحادیوں کی ناراضگی کا سبب بنے، وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ اب تمام سیاسی جماعتیں موجودہ حکومت کے خلاف بھر پور احتجاجی تحریک چلائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صحافت کا گلہ گھونٹ دیا ہے صحافیوں کے ساتھ جو زیادتیاں ہورہی ہیں ان کا ازالہ کیا جائے گا۔ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ ملک میں جمہورکی حکمرانی کے لئے جدوجہد کی ہے مگر بدقسمتی سے ملک پر ایک ایسی حکومت مسلط کی گئی جس کی وجہ سے ملکی حالات بھی خراب ہوگئے اور باہر کی دنیا سے بھی تعلقات اچھے نہیں رہے۔ آج بھی وقت ہے کہ موجودہ حکمران اخلاقی طور پر مستعفی ہوجائے اور اقتدار ان لوگوں کے حوالے کیا جائے جو ملک کو چلانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے شروع دن سے موجودہ حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے آج ثابت ہورہا ہے کہ وفاقی وزراء خود آپس میں لڑ کر اپنے مفادات حاصل کرنا چاہتے ہیں اور ہر وزیر اپنے آپ کو وزیراعظم بنانے کے لئے بھاگ دوڑ کررہا ہے۔ حکومت کرنا ہر کسی کا کام نہیں بلکہ اس کے لئے اہل اور سنجیدہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کو پی ٹی آئی نے اور صوبے کو باپ پارٹی نے تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے کوئٹہ میں طلباء و طالبات کے جس طرح ظلم کیا گیا یہ ہمارے اسلامی اور صوبے کے روایات کے برخلاف ہے۔ جمعیت علماء اسلام اس طرح کے واقعات کی مذمت کرتی ہے اگر حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو حالات مزید خراب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے کورونا اور ٹڈی دل کے حملوں پر بھی قابونہیں پایا بلکہ غیر سنجیدگی کے باعث کورونا اور ٹڈی دل کی وجہ سے بلوچستان کی عوام اور زمینداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


