ساتھیوں کی بحالی پر کیمپ ختم کیا، مطالبات حل ہونے تک احتجاج جاری رہیگا،پیرامیڈیکس

پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر محمد طارق کدیزئی نے کہاہے کہ پیرامیڈیکس کے مطالبات جائز ہے،مطالبات کے حل کیلئے ڈی جی ہیلتھ کی جانب سے پیرامیڈیکس کی بحالی پر احتجاجی کیمپ ختم کیاتاہم دیگر مطالبات کے حل ہونے تک احتجاج جاری رہے گا،کیمپ میں اظہار یکجہتی پر تمام سیاسی جماعتوں،ڈاکٹرز،نرسز اورمختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کاشکریہ ادا کرتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سول ہسپتال کوئٹہ میں حاجی شفاء مینگل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔محمد طارق کدیزئی نے کہاکہ 28اپریل کو ایک واقعہ پیش آیا جس کے بعد معاملے کے حل کی ہم نے بہت کوشش کی مگر حکام کی جانب معاملے کے حل کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس پر مجبوراََ ہم نے احتجاج کاراستہ اختیار کیااور 6مطالبات پیش کئے جن میں معطل پیرامیڈیکس کی بحالی،خواتین کے خلاف انتقامی کارروائی کوبند کرنا،پیرامیڈیکس کی اپ گریڈیشن،سروس اسٹریکچر کی تجدید اور شہداء پیکج شامل ہے،انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز ڈی جی ہیلتھ کیمپ آئے جہاں کامیاب مذاکرات ہوئے جن میں دو مطالبات پیرامیڈیکس کی ٹرانسفر اور معطل ارکان کی بحالی شامل ہے جبکہ دیگر مطالبات پر مزید پیشرفت ہوگی،انہوں نے کہاکہ ہم اپنے کیمپ میں آنے والے تمام سیاسی جماعتوں،ڈاکٹرز،نرسز کا شکریہ ادا کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ ہمارے دو مطالبات ملازمین کی اپ گریڈیشن،سروس اسٹریکچر اور شہداء پیکج کیلئے 3جولائی کو اجلاس ہوگا جس میں مزید پیشرفت ہوگی تاہم واضح کرتے ہیں کہ پہلے بھی یقین دہانیاں کرائی جاتی رہی ہے تاہم اس بار یقین دہانی نہیں بلکہ عملدرآمد ہوگا اس وقت تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا جس کیلئے ساتھیوں کی مشاورت سے شیڈول طے کیاجائے گا۔ہمارے مطالبات جائز ہے ناجائز نہیں بلکہ حکومتی حکام کی جانب سے بھی ہمارے مطالبات کی حمایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں