بھارت کو شکست کا سامنا، آسٹریلیا نے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 جیت لیا

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ءکے فائنل میچ میں آسٹریلیا بھارت کو شکست دیکر ورلڈ چیمپئن بن گیا۔ آسٹریلیا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 241 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں آسٹریلیا نے بھارت کو 6وکٹوں سے شکست دیدی۔ آسٹریلیا آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈکپ کے فائنل میں ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست اور میزبان ٹیم بھارت کو 6 وکٹوں سے ہرا کر چھٹی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا۔ آئی سی سی ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ اور لبوشین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈکپ 2023ءکا ٹائٹل آسٹریلیا کے نام کر وا دیا۔ اتوار کو ورلڈکپ کا فائنل احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کی پوری ٹیم 50 اوورز میں 240رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی ، کے ایل راہول 66 اور ویرات کوہلی 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا نے بھارت کو 241 رنز کا ہدف ٹریوس ہیڈ اور لبوشین کی بہترین بیٹنگ کی بدولت 43 اوورز میں پورا کیا، ہدف کے تعاقب میں ہیڈ نے مشکل وقت میں سنچری اور لبوشین نے ففٹی کر کے اپنی ٹیم کو ورلڈکپ جتوانے میں اہم کر دار ادا کیا۔ ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر شاندار 137 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ لبوشین نے 58 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔ ورلڈکپ کا فائنل احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کی پوری ٹیم 50 اوورز میں 240رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی ، کے ایل راہول 66 اور ویرات کوہلی 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کے خلاف بھارت کا آغاز جارحانہ رہا، اوپنر شب من گل تو 4 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے لیکن کپتان روہت شرما نے پورے ٹورنامنٹ کی طرح فائنل میں بھی دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا لیکن پھر وہ 31 گیندوں پر 47 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ 2 وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلوی بولرز پورے میچ میں بھارتی بیٹرز پر حاوی رہے اور انہیں کھل کر نہ کھیلنے دیا۔ ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے سنگل ڈبلز کرکے لمبی شراکت داری بنانے کی کوشش کی لیکن پھر کوہلی بھی 54 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے جبکہ راہول بھی 66 رنز پر پویلین لوٹے۔ اس کے علاوہ سوریا کمار یادیو 18، رویندرا جڈیجا 9،محمد شامی نے6 رنز بنائے، شریاس آئیر نے4 رنز اسکور کیے۔جسپریت بمرا نے ایک رن بنایا، کلدیپ یادیو 10 اور محمد سراج نے 9 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ ایڈم زیمپا اور گلین میکسویل کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ واضح رہے کہ اس ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے والی بھارتی ٹیم اب تک ناقابلِ شکست ہے، بھارتی ٹیم نے پہلے مرحلے میں تمام 9 ٹیموں کو اور پھر سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو ہرایا تھا جب کہ آسٹریلیا نے ابتدائی دو میچ ہارنے کے بعد اگلے آٹھ میچ جیتے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا نے چھٹی بار آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، کینگروز نے 1987، 1999، 2003، 2007، 2015 اور اب 2023 میں ورلڈکپ ٹرافی اٹھائی ہے۔ موجودہ ورلڈ کپ کے لیے آئی سی سی نے مجموعی طور پر ایک کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔ فائنل جیتنے والی ٹیم کے لیے 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ فائنل ہارنے والی ٹیم کو 20 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایک لاکھ 32 ہزار تماشائیوں کی گنجائش تھی، اسٹیڈیم میں بھارتی مداحوں کی بڑی تعداد سمیت کئی مشہور شخصیات بھی شامل تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں