مشہور بھارتی اداکار سبزی بیچنے پر مجبور کیوں؟
عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں دنیا بھر کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں تو وہیں وائرس سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹریز کو بھی بے حد نقصان پہنچا ہے۔کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنےکے لیے متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جس کی وجہ سے جہاں سنیما گھر بند ہیں تو وہیں فلموں کی شوٹنگ اور ریلیز بھی التوا کا شکار ہوگئی ہیں۔حال ہی میں بھارتی فلم و ٹیلی ویژن اداکارہ ڈولی بندرا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں اداکار جاوید حیدر سڑک پر سبزی بیچتے نظر آئے جب کہ اس ویڈیو میں وہ گانے ’دنیا میں رہنا ہے تو کام کرو جی‘ پر پرفارم بھی کرتے نظر آئے۔ڈولی بندرا نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ جاوید حیدر ایک اداکار ہیں آج وہ سبزی بیچ رہے ہیں، ڈولی بندرا کی یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد لوگ تذبذب میں مبتلا ہوگئے تھے کہ آیا اداکار جاوید حیدر واقعی غربت اور کام نہ ملنے کے باعث سبزی بیچ رہے ہیں یا ایسا وہ صرف ویڈیو بنانے اور مداحوں کو محظوظ کرنے کی خاطر کررہے تھے۔متعدد صارفین نے اداکارہ کی ویڈیو پر جواب دیتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ یہ بالی وڈ کی حقیقت ہے جب کہ کچھ کا دعویٰ تھا کہ اداکار جاوید حیدر نے یہ ویڈیو صرف اپنے ٹک ٹاک چینل پر فالوورز بڑھانے کی غرض سے کیا ہے۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اداکار جاوید حیدر نے ویڈیو کے حوالے سے وضاحت کی کہ لاک ڈاؤن کے دوران ان کے پاس کرنے کو کچھ نہیں تھا جس کی وجہ سے انہوں نے ویڈیو ایپ پر میوزک ویڈیوز بنانا شروع کردیں۔اداکار کا کہنا تھا کہ وہ سبزیاں نہیں بیچ رہے بلکہ انہوں نے ویڈیو بنانے کےلیے ٹھیلے کے مالک سے اجازت لی تھی اور پھر یہ ویڈیو بنائی۔ خیال رہے کہ اداکار جاوید حیدر نے بالی وڈ کی 1998میں ریلیز ہونے والی کامیاب فلم ’غلام‘ میں اداکار عامر خان کے ساتھ کام کیا تھا۔ علاوہ ازیں انہوں نے کئی اور پروجیکٹس میں بھی اہم کردار نبھائے ہیں جن میں ہندی ڈراما ’لائف کی ایسی تیسی‘ اور فلمز ’بارن انڈیا‘ اور ’بابر‘ شامل ہیں۔