چمن میں جاری دھرنا پاکستان مخالف پلیٹ فارم بنتا جا رہا ہے،جان اچکزئی

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان کے نگراں وزیراطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ چمن میں جاری دھرنے میں اشتعال انگیز تقاریر کی گئی ہیں۔ انھوں نے شرکا پر یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ یہ دھرنا پاکستان مخالف پلیٹ فارم بنتا جا رہا ہے۔انھوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ’پی ٹی ایم جیسے پاکستان مخالف گروہوں نے دھرنے کو ہائی جیک کیا ہوا ہے۔‘واضح رہے کہ چمن کے ہزاروں مزدور اور تاجر قومی شناخت کے بجائے افغانستان کے ساتھ سرحد کی دونوں اطراف کاروبار اور مزدوری کے لیے پاسپورٹ کی شرط کے خلاف 21 اکتوبر سے احتجاجی دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔چمن کے رہائشیوں کے لیے قومی شناختی کارڈ پر روزانہ افغانستان جا کر مزدوری یا تجارت کرنا ایک معمول تھا مگر پھر حکام کی طرف سے پاسپورٹ کی شرط عائد کر دی گئی، جسے یہاں کے مقامی افراد نے قبول نہیں کیا۔نگراں وزیراطلاعات نے کہا کہ ’عوام کے جمہوری حق کے طور پر کسی بھی مطالبے میں پاکستان کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور لوگوں کو ریاست کے خلاف اکسانا شامل نہیں ہو سکتا۔‘انھوں نے کہا کہ ’اگر منتظمین پی ٹی ایم اور اس کے اشتعال انگیز بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں تو ویش منڈی (سرحد پر قائم منڈیوں) کے کاروبار کو بھول جائیں۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں