مفتی تقی عثمانی کی زیرصدارت میزا ن بینک کی شریعہ بورڈ میٹنگ کا انعقاد
کراچی(صباح نیوز): میزان بینک کے شریعہ بورڈ کی 63ویں میٹنگ کا انعقاددارالعلوم کراچی میں کیا گیا۔ میٹنگ کی صدرات بینک کے شریعہ بورڈ کے چیئرمین جسٹس (ر) محمد تقی عثمانی نے کی۔ میٹنگ میں شریعہ بورڈ کے دیگر اراکین ڈاکٹر محمد عمران اشرف عثمانی،شیخ عصام محمد اسحاق اور ریذیڈنٹ شریعہ بورڈ ممبرمفتی محمد نوید عالم سمیت بینک کے بانی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی،ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسرز عارف الاسلام، سید عامر علی اور سینئر مینجمنٹ نے شرکت کی۔ میٹنگ میں شریعہ بورڈ نے گورنمنٹ آف پاکستان کے سکوک کے اجراء کیلئے مختلف شریعہ اسٹرکچرز کے بارے میں رہنمائی فراہم کی، یہ اسٹرکچرزمعیشت کو اسلامی اصولوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی کوششوں میں معاون ثابت ہوں گے۔شریعہ بورڈ نے بینک کی مختلف پالیسیوں اور طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا اور بینک کے اندر منعقد ہونے والے مختلف تربیتی سیشنزاور شرعی امور کی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پرشریعہ بورڈ نے بینک کا اسلامی اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہونے اورمالیاتی سلوشنزکوشریعہ گائیڈ لائنز کے مطابق یقینی بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسلامی بینکاری کوفروغ دینے کیلئے بینک کے عزم کو سراہا۔


