نجی تعلیمی اداروں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوئٹہ میں 10 تنظیموں پر مشتمل الائنس تشکیل
کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز الائنس کے محمد نواز پندرانی نے کہا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل کے لئے ہم نے فورم تشکیل دیا ہے کیونکہ صوبے میں 3000 نجی تعلیمی اداروں میں 8 لاکھ بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کررہے ہیں جو بلوچستان کے کل داخل بچوں کا 45 فیصد ہے اور ان اداروں میں 50 ہزار کے قریب اساتذہ خدمات سر انجام دے رہے ہیں یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں منگل کو پریس کانفرنس کے دوران کہی اس موقع پر دیگر عہدیدار بھی موجود تھے جس میں حضرت علی کوثر، جعفر خان کاکڑ، ملک رشید کاکڑ ، داﺅد شاہ کاکڑ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ 10 تنظیموں پر مشتمل اس الائنس نے ایک سال کے لئے اپنی کابینہ تشکیل دی ہے جس میں اراکین کابینہ میں چیئرمین جعفر خان کاکڑ، سینئر وائس چیئرمین حضرت علی کوثر، وائس چیئرمین حافظ نعمت اللہ، صدر ملک عبدالرشید کاکڑ، نائب صدر داﺅد شاہ کاکڑ، جنرل سیکرٹری محمد نواز پندرانی ، جوائنٹ سیکرٹری عبدالظاہر ،ترجمان حاجی سلیم ناصر، ایجوکیشن سیکرٹری لیاقت علی ہزارہ، فنانس سیکرٹری جمیل احمد مشوانی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الائنس قائم کرنے کا مقصد نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل سے نجات دلانا اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے لئے بنایا گیا ایکٹ 2022ءسے متعلق تحفظات کا حل اور پروفیشنل ٹیکس سمیت دیگر غیر ضروری ٹیکسز کا خاتمہ مڈل بورڈ کے امتحانات کے ناقص طریقہ کار، میٹرک رجسٹریشن ایگزامینیشن طریقہ کار پر تحفظات نجی تعلیمی اداروں کو رجسٹریشن فارم میں غیر ضروری شرائط، ہر تعلیمی فورم پر بلوچستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشنز الائنس کو نمائندگی دی جائے۔


